شکارپور: 10 سال کی بچی سے شادی کرنے والا 40 سالہ شخص گرفتار

شکارپور: صوبہ سندھ کے شہر شکارپور میں 10 سال کی معصوم بچی سے شادی کرنے والے 40 سال کے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں ایک اور معصوم بچی پر ظلم ڈھانے کی مذموم کوشش ناکام بنا دی گئی، دس سال کی بچی کے ساتھ چالیس سالہ شخص شادی کرنے جا رہا تھا۔

رخصتی سے قبل ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، چالیس سالہ دلہے کو پولیس نے گرفتار کر لیا، اور دس سالہ بچی کو حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا۔

پولیس کے موقع پر پہنچتے ہی نکاح خواں فرار ہو گیا، جب کہ دلہن بنائی جانے والی دس سالہ بچی رو رہی تھی، پولیس کے پہنچنے سے قبل اس کا نکاح پڑھایا جا چکا تھا۔

معلوم ہوا ہے کہ دس سالہ بچی یتیم ہے، اور اس کی دادی نے مبینہ طور پر اسے ڈھائی لاکھ روپے میں چالیس سالہ شخص کو فروخت کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:  گھوٹکی: دو کم سن بچیوں کو ونی کرنے کا جرگہ، شریک ملزم گرفتار

گرفتار شخص نے کہا کہ بچی کی عمر سولہ سترہ سال ہو گئی ہے، جب اس سے پوچھا گیا کہ دادی کے مطابق بچی کی عمر دس سال ہے تو اس نے کہا کہ اسے بھی دادی نے کہا تھا کہ بچی جوان ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ سندھ کے علاقے گھوٹکی میں 8 جنوری کو جرگے نے 2 کم سن بچیوں کو ونی کر دیا تھا جس پر اے آر وائی نیوز نے خبر چلائی، جس کے بعد پولیس نے جرگے کے ایک شریک ملزم کو گرفتار کیا۔