لاہور : اسپتال میں زیرعلاج تشدد کا شکار بچی رضوانہ کی حالت سنبھل نہ سکی، ڈاکٹروں نے اگلے 48 گھنٹے اہم قرار دے دیئے۔
تفصیلات کے مطابق جنرل اسپتال میں زیر علاج 14 سالہ ملازمہ رضوانہ کی حالت بدستور تشویشناک ہے، رضوانہ کی اچانک طبیعت بگڑنے کے بعد اسے دوبارہ آکسیجن لگادی گئی ہے۔
ڈاکٹروں نےاگلے اڑتالیس گھنٹےاہم قراردے دیے اور کہا کہ رضوانہ کی طبعیت خراب ہوتی ہے تو دل کی دھڑکن تیز ہوجاتی ہے۔
پرنسپل جنرل اسپتال لاہور پروفیسر الفرید ظفر نے بتایا کہ رضوانہ کی طبعیت صبح چاربجے سے خراب ہے، گزشتہ روز رضوانہ کی طبیعت بہت بہترتھی تاہم میڈیکل بورڈ طبیعت بگڑنے کا جائزہ لے گا، رضوانہ کے پلیٹ لیٹس بارہ ہزار سے بڑھ کرچوبیس ہزارہو گئے ہیں۔
پروفیسر سردار الفرید کا کہنا تھا کہ بچی کا آکسیجن لیول پھر خراب ہو رہا ہے ، بچی کا آج آکسیجن لیول ٹھیک کرنے کیلئے برونکو اسکوپی کی گئی جبکہ آج فزیوتھراپی بھی کی گئی ہے ، علاج کیلئےسائیکالوجیسٹ ،کارڈیالوجسٹ ٹیم بھی معائنہ کررہی ہے۔
دوسری جانب ہسپتال میں زیرعلاج تشدد کا شکار بچی رضوانہ کی والدہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے اُس کی حالت تشویشناک بتائی ہے، رضوانہ سرمیں کیڑے پڑچکے ہیں، اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہیں اُسے صحت عطا کرے۔