امریکا میں مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ

واشنگٹن: امریکا میں مسافر بردار ایک انجن والا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت 5 مسافر ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طیارے پیپر پی اے 32 آر، 300 نے امریکی ریاست جنوبی کیرولینا کے نارتھ مرٹل بیچ میں گرانڈ اسٹرینڈ ہوائی اڈے سے اڑان بھری تھی اور محض چند منٹ بعد ہی کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

طیارے کا ملبہ ہوائی اڈے سے دو میل شمال مغرب کے علاقے سے ملا۔

طیارے کے زمین پر گرتے ہی اس میں آگ بھڑک اٹھی، فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پالیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق طیارے سے ملبے سے پائلٹ سمیت 4 افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں جبکہ ایک زخمی شخص اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

طیارہ حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی تاہم تحقیقات کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔