پاک فوج کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ، پائلٹس اور عملے سمیت 5 اہلکار شہید

پاک فوج کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ، پائلٹس اور عملے سمیت 5 اہلکار شہید

راولپنڈی :پاک فوج کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا ، جس کے نتیجے میں پائلٹس اور عملے سمیت 5 اہلکار شہید ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر ہوڈور کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا، حادثے میں پائلٹس اور عملے سمیت 5 اہلکار شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شہداء میں پائلٹ میجر عاطف، کو پائلٹ میجر فیصل، نائب صوبیدار مقبول، حوالدار جہانگیر اور نائیک عامر شامل ہیں تاہم حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور متعلقہ حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، کمانڈر ایف سی این، ڈی جی گلگت بلتستان اسکاؤٹس اور کمشنر دیامر بھی موقع پر موجود ہیں جبکہ مقامی افراد کی بڑی تعداد بھی جائے وقوعہ پر جمع ہوگئی۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ صورتحال پر قریبی نظر رکھیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کوہ ڈور کے قریب آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ اور حادثے میں افسران و جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

محسن نقوی نے شہید پائلٹ میجر عاطف، میجر فیصل سمیت عملے کے پانچوں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے نائب صوبیدار مقبول، حوالدار جہانگیر اور نائیک عامر کی قربانیوں کو بھی سلام پیش کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پوری قوم ان کی قربانی پر فخر کرتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اور عوام اس دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کرے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔