بھارتی ریاست بہار میں چڑیل ہونے کے شبے میں تین خواتین سمیت 5 افراد کو 50 سے زائد ملزمان نے زندہ جلا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق خواتین اور مردوں کو زندہ جلا کر قتل کرنے کا واقعہ شہر پورنیا میں پیش آیا، ہلاک ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
عینی شاہد نے بتایا کہ 50 سے زائد ملزمان نے اچانک گھر پر دھاوا بولا، خواتین اور مردوں پر بہیمانہ تشدد کیا اور پھر گھر کو نذر آتش کیا جس کے باعث یہ لوگ زندہ جل گئے۔
یہ بھی پڑھیں: چڑیل ہونے کے شبے میں حاملہ خاتون کو پیٹ کاٹ کر درخت پر لٹکا دیا گیا
ادھر، پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے حملے کے دوران خاندان کا 16 سالہ نوجوان کسی طرح جان بچانے میں کامیاب رہا، وہ اپنی نانی کے گھر پہنچا اور انہیں واقعے کے بارے میں بتایا جس کے بعد پولیس کو خبر ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پا لیا، چار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جبکہ دو افراد زیرِ حراست ہیں جن سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق بھتہ خوری پر تنازع ہوا جس کے بعد ملزمان نے متاثرہ خاندان پر چڑیل ہونے کا الزام عائد کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے صورتحال بگڑ گئی۔
پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔