ایک پانچ منزلہ رہائشی عمارت دیکھتے ہی دیکھتے زمین بوس ہو کر ملبے کا ڈھیر بن گئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
یہ واقعہ بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے علاقے شملہ میں پیش آیا جہاں دھامی نامی علاقے میں ایک چھوٹی پہاڑی پر واقع پانچ منزلہ عمارت اچانک دیکھتے ہی دیکھتے گر پڑی جس سے متصل سڑک کو نقصان پہنچا اور ہر قسم کی ٹریفک معطل ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کی شب 12 بجے نیشنل ہائی وے 205 پر دھامی گورنمنٹ ڈگری کالج کے قریب مراہواگ گاؤں میں پیش آیا جہاں ایک پانچ منزلہ رہائشی عمارت دیکھتے ہی دیکھتے منہدم ہوئی اور چند سینکڈوں میں عالیشان عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی۔
#HimachalPradesh: 5 storey building collapsed in Shimla. Some students of Law University Ghandal used to live in this building, but they were made to vacate the building when a crack appeared a week ago. pic.twitter.com/lw21TS32qQ
— Siraj Noorani (@sirajnoorani) January 20, 2024
رپورٹ کے مطابق متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ عمارت میں لا کالج کے طلبہ کا ایک گروپ کرائے پر رہائش پذیر تھے تاہم عمارت میں گزشتہ چند روز میں پڑنے والی دراڑوں کے باعث اسے ایک ہفتہ قبل ہی خالی کرا لیا گیا تھا اور اس کے بجلی کے کنکشن منقطع کر دیے گئے تھے، جس کے باعث عمارت کے گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
سب ڈویژنل مجسٹریٹ نشانت نے بتایا کہ مذکورہ عمارت جس چھوٹی پہاڑی پر واقع تھی اس کے اوپر ایک اور گھر تعمیر ہو رہا تھا جس کی کھدائی کے کام کی وجہ سے یہ عمارت گری ہے۔
دوسری جانب عمارت گرنے کی یہ ویڈیو مقامی سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی جس میں ایک پہاڑی پر کھڑی خوبصورت عمارت کو اچانک گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔