18 دن کے مہمان اراکین قومی اسمبلی کی اسکیموں کیلیے 51 ارب روپے جاری

موجودہ حکومت کی مدت 12 اگست کو ختم ہو رہی ہے لیکن صرف 18 دن کے مہمان اراکین قومی اسمبلی کی اسکیموں کے لیے 51 ارب روپے جاری کیے جا رہے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ عام انتخابات سے قبل پارلیمنٹرینز کی اسکیموں کیلیے بھاری فنڈز جاری کیے جا رہے ہیں اور صرف 18 دن کے مہمان اراکین مہمان قومی اسمبلی کی اسکیموں کیلیے 51 ارب روپے جاری کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق موجودہ مالی سال کی 42 دن کی پارلیمنٹ کے لیے 6 ماہ کا بجٹ جاری ہوگا۔ اراکین قومی اسمبلی کی اسکیموں کیلئےسال کا بجٹ 90 ارب مختص ہے جس میں سے پہلی ششماہی کے لیے 61 ارب 26 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں اور اس میں سے 51 ارب پہلے 25 دن میں جاری کر دیے گئے ہیں۔

وزارت خزانہ سے ارکان پارلیمنٹ کی ترقیاتی اسکیموں کیلیے فنڈز اجرا سے متعلق دستاویز کے مطابق حکومت پورے سال کیلیے مختص 90 میں سے 41 ارب روپے 3 ماہ میں جاری کرنے کی منظوری دے چکی ہے جب کہ گزشتہ سال رہ جانے والے مزید 20 ارب 26 کروڑ روپے بھی انتخابات سے قبل جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔