کراچی: سول ایو ایشن اتھارٹی نے شمالی علاقہ جات جانے والے مسافروں کے لیے اہم ہدایات جاری کردیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نےگلگت، چترال، اسکردو اور سوات میں واقع سیدو شریف ایئرپورٹس کی پروازوں میں جانے والے مسافروں کے لیے ہدایت نامہ جاری کیا، جس میں پائلٹس کو بھی تاکید کی گئی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈ نے شمالی علاقہ جات کی پروازوں کے لیے مقرر پائلٹس کو بھی اہم اعلان کرنے کی ہدایت جاری کردی۔
پائلٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مسافروں کو تاکید کریں کہ وہ ہوائی اڈوں پر لینڈ کرنے کے بعد جب سیاحتی مقامات کی طرف جائیں تو وہاں کچرا یا کوڑا کرکٹ نہ پھینکیں۔
مزید پڑھیں: شمالی علاقہ جات جانے والے فضائی مسافروں کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری
پائلٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیاحوں کو اس بات کا احساس دلائیں کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات دنیا کے خوبصورت ترین مقامات ہیں، وہاں پر مختص کچرے دانوں میں استعمال شدہ سامان یا کچرا پھینکیں اور سیاحتی مقام پر کوڑا پھینک کر اس کی خوبصورتی کو ختم نہ کریں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مادر وطن پاکستان کے یہ مقامات انتہائی پرکشش اور خوبصورتی کے حامل ہیں، ان کے حسن کی ذمہ داری کا خیال بھی پاکستانیوں کو ہی رکھنا ہے۔
سول ایوی ایشن نے پی آئی اے سمیت دیگر دو نجی ایئرلائنز کے پائلٹس کے لیے بھی یہ ہدایت نامہ جاری کیا اور ہر صورت عمل درآمد کی ہدایت کی۔