پشین پولیس کی کارروائی، اے این پی رہنما کے قتل میں ملوث 5 ملزمان ہلاک

پولیس

کوئٹہ: پشین کے علاقے سرخاب میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اے این پی رہنما عبید اللہ کاسی کے قتل میں ملوث 5 ملزمان کو ہلاک کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پشین کے علاقے سرخاب میں پولیس کی کارروائی کے دوران 5 ملزمان ہلاک ہوگئے، ملزمان اے این پی رہنما عبید اللہ کاسی کے قتل میں ملوث تھے۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ پشین پولیس نے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی، پولیس پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ شروع کردی جوابی فائرنگ میں 5 ملزمان مارے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اہم ملزم ظریف خلجی 2 ساتھیوں سمیت فرار ہو گیا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان، مغوی سیاسی رہنما کی ہتھکڑیاں لگی لاش برآمد

پولیس کا کہنا ہے کہ ملک عبید اللہ کاسی کو اغوا کرنے کے لیے استعمال گاڑی برآمد کرلی گئی، مارے گئے ملزمان سے 2 کلاشنکوف، 2 پستول، تین ہینڈ گرینیڈ بھی برآمد ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ 5 اگست کو بلوچستان کے ضلع پشین سے چالیس روز قبل اغوا ہونے والے سیاسی رہنما کی ہتھکڑیاں لگی لاش برآمد ہوئی تھی۔

مقتول عبید اللہ کاسی عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی مجلس عاملہ کے ممبر اور عہدیدار بھی تھے۔