اسلام آباد: عالمی شہرت کے حامل پاکستانی صحافی اور سینئر تجزیہ نگار 67 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، وزیر اعظم عمران خان نے افغان امور کے ماہر تجزیہ نگار رحیم اللہ یوسف زئی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ کئی روز سے علیل سینئر رحیم اللہ یوسف زئی انتقال کرگئے۔ اہل خانہ کے مطابق اُن کا نماز جنازہ کل گیارہ بجے مردان کاٹلنگ انذرگئی نزد سوات ایکسپریس وے کاٹلنگ انٹرچینج خان ضمیر بانڈہ میں ادا کی جائے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے سینئر صحافی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’رحیم اللہ یوسف زئی پاکستان کے معزز ترین صحافیوں میں سے ایک تھے، وہ اچھے رائےساز تھے جو اپنی تحقیق مکمل کرنے کے بعد تجزیہ لکھتے تھے‘۔
Saddened to learn of Rahimullah Yousafzai's passing. He was one of Pakistan’s most respected journalists. He was an opinion maker because his columns were well researched. My condolences & prayers go to the family.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) September 9, 2021
وزیراعظم عمران خان نے رحیم اللہ یوسف زئی کے اہل خانہ سے تعزیت اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے رحیم اللہ یوسف زئی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’آج صحافت کا ایک عہد ختم ہوگیا ہے‘۔
رحیم اللہ یوسفزئ صاحب کا انتقال صحافت کے ایک عہد کا خاتمہ ہے، افغانستان اور ہمارے سرحدی علاقوں کے معاملات پر ان کی جو گرفت تھی وہ شائد ہی کسی اور کا خاصہ بن سکے، خدا کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے اور پسماندگان کو صبر دے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 9, 2021
فواد چوہدری نے کہا کہ ’افغانستان اور ہمارے سرحدی علاقوں کے معاملات پر رحیم اللہ یوسف زئی کی جو گرفت تھی وہ شائد ہی کسی اور کا خاصہ بن سکے‘۔ وفاقی وزیر نے دعا کی کہ خدا انہیں کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے اور پسماندگان کو صبر دے۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے سینئرصحافی رحیم اللہ یوسفزئی کےانتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور سوگواران سے دلی ہمدردی و تعزیت کی۔
عثمان بزدار نے رحیم اللہ یوسفزئی کی صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا انتقال صحافت کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔