’نااہل لیگ کو این آر او کی بھیک نہیں ملے گی‘

شہباز گل

لاہور: معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک لوٹ کر جائیدادیں بنانے والوں کی غریب کے لیے باتیں منافقت ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق معاون خصوصی شہباز گل نے احسن اقبال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ غریب کو غریب تر بنانے والے مافیا جھوٹا رونا رو رہے ہیں، آج بھی ان کے زیر تسلط مافیا غریب کی جیب کاٹنے میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ احتساب سے بچنے کے لیے حیلے بہانے این آر او کی ناکام کوشش ہے، جعلی آڈیوز ویڈیوز سے بلیک میلنگ این آر او کی بھیک ہے۔

شہباز گل نے کہا کہ عدالتوں میں پیش نہ ہوکر مقدمات کو طول دینا بھی این آر او کی امید ہے، اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی احتساب سے فرار کی ترکیب ہے، نااہل لیگ کی این آر او مانگنے اور لینے کی روایت پرانی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی خود مختاری خطرے میں پڑ چکی ہے، احسن اقبال

معاون خصوصی نے کہا کہ ان کی چوری پکڑے جانے پر پاؤں پڑنے کی عادت پرانی ہے، نااہل لیگ کو این آر او کی بھیک نہیں ملے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خود مختاری خطرے میں پڑ چکی ہے، حکومت نے تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے لیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں وفاقی حکومت نے رینجرز کے ذریعے تشدد کروایا، ان ہٹھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، ڈنڈوں سے ڈر کر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ خارجہ پالیسی بڑھکوں سے نہیں چلتی مشاورت کرنی پڑتی ہے، بار بار کہا کہ خارجہ پالیسی پارلیمنٹ کے ذریعے بنائیں۔