کراچی: ویسٹ انڈیز ٹی ٹوینٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان نیکولس پورن نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین جیسے بہترین کھلاڑی ہیں، جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ویسٹ انڈیزٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان نیکولس پورن نے ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا کہ ’ہم پاکستان کے خلاف نئے پلیئرز کےساتھ میدان میں اترنے اور بھرپور مقابلے کے لیے تیار ہیں، ہمارے اسکواڈ میں بہترین کھلاڑی شامل ہیں‘۔
نیکولس پورن کا کہنا تھا کہ پاکستان گزشتہ کچھ وقت سے اچھاکھیل پیش کر رہا ہے،سی پی ایل، ٹی 10میں ہمارےکھلاڑیوں نے شاندارکھیل پیش کیا، ہم پُرامید ہیں کہ وہ پاکستان کے خلاف بھی بہترین کھیل کے سلسلے کو جاری رکھیں گے‘۔
مزید پڑھیں: ویسٹ انڈیز کے تین کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا
انہوں نے کہا کہ ٹی 20کرکٹ میں کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا مگر ہمیں اپنےکھلاڑیوں کی صلاحیتوں پرپورا یقین ہے، ٹی 20کرکٹ میں کوئی بھی کھلاڑی کھیل بدل سکتا ہے،کرونا کےباعث 3کھلاڑیوں کےسیریز سے باہر ہونے پر افسوس ہوا ہے۔
ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ بابراعظم کےساتھ بات چیت ہوتی رہتی ہے، وہ اور محمد رضوان بہت اچھی بلے بازی کررہے ہیں، رواں سال کے کلینڈر میں دونوں نے شاندار کارکردگی پیش کر کے ریکارڈز بنائے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ‘جب کھلاڑی پورے ہوسکتے ہیں تو ٹیم مینجمنٹ کیوں نہیں؟’
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم ٹی 20 اور ون ڈے سیریز کھیلنے کے لیے کراچی میں موجود ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ 13 دسمبر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔