سری لنکا میں جاری لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) میں شرکت کرنے والے قومی کھلاڑی وہاب ریاض اور شعیب ملک نے ایک دوسرے سے متعلق دلچسپ انکشافات کردیے۔
لنکا پریمیئر لیگ میں وہاب ریاض اور شعیب ملک جافنا کنگز کی نمائندگی کررہے ہیں، دونوں کھلاڑیوں نے ’اسپرے چیلنج‘ انٹرویو سیریز میں حصہ لیتے ہوئے ایک دوسرے سے متعلق کئی سوالات کے جوابات دئیے۔
میزبان نے پوچھا کہ دونوں کھلاڑیوں میں سے سست کون ہے تو شعیب ملک نے وہاب ریاض پر پانی چھڑکنے میں جلدی کی اور بتایا کہ وہاب ریاض ایک تیز گیند باز ہے اور اسے بہت زیادہ توانائی کی ضرورت ہے شاید اسی لیے وہ سست ہیں۔
شعیب ملک نے کہا کہ میسیئر کٹ بیگ پاکستانی فاسٹ بولر وہاب ریاض کا ہوتا ہے اور میں آل راؤنڈر ہوں اور ایک بلے باز سے زیادہ بلے ساتھ رکھتا ہوں۔
کھانے سے متعلق سوال پر وہاب ریاض نے بتایا کہ شعیب ملک دن میں 6 بار کھانا کھاتے ہیں، یقین کریں صبح 3 بجے بھی اس کے کمرے میں کلب سینڈوچ ہوگا جبکہ شعیب ملک نے کہا کہ دن میں چھ بار تھوڑا تھوڑا سا کھاتا ہوں تاکہ فٹ رہوں۔
وہاب ریاض نے شعیب ملک سے متعلق مزید کہا کہ ایک مرتبہ کراچی میں شعیب ملک نے پارٹی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا اور کہا کہ جب وہ اور میں کراچی میں اکٹھے ہوئے تو پارٹی کریں گے لیکن وہاب ریاض نے مسکراتے ہوئے کہا کہ خدا کا شکر اس کا نام ٹی 20 اسکواڈ میں تھا اور ہمارا منصوبہ کامیاب نہیں ہوسکا۔
واضح رہے کہ وہاب ریاض اور شعیب ملک کی ٹیم جافنا کنگز ایل پی ایل کے پلے آف مرحلے میں پہنچ چکی ہے۔