منڈی بہاالدین میں بس نے 16 افراد کو کچل دیا

منڈی بہاالدین: پنجاب کے شہر منڈی بہاالدین میں بس نے 16 افراد کو کچل ڈالا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کے شہر منڈی بہاالدین میں ٹایلی اڈا کے قریب بس نے 16 افراد کو کچل دیا جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔

حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ پولیس نے بس کو تحویل میں لے کر ڈرائیور کی تلاش شروع کردی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ دھند کے دوران بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق اور زخمی افراد سڑک پر مہندی میں شرکت کے لیے اکٹھے ہوئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دھند کے باعث موٹر وے کو بھی بند کردیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل فیصل آباد میں دھند کے باعث دو مختلف حادثات میں تین افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا تھا جبکہ ڈجکوٹ میں جہانگیر موڑ پر بس اور پک اپ میں تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔