بھارت کی ریاست راجستھان میں وزیر اعظم نریندر مودی کی خصوصی سکیورٹی کیلیے تعینات چھ پولیس اہلکار ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نریندر مودی راجستھان کے ضلع ناگور میں ایک ریلی میں شرکت کریں گے جس کیلیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
بھارتی وزیر اعظم کی خصوصی سکیورٹی کیلیے 7 پولیس اہلکاروں کو تعیناتی کیلیے نامزد کیا گیا تھا جو ضلع ناگور پہنچ رہے تھے کہ راستے میں حادثہ پیش آگیا۔
اہلکاروں کی گاڑی مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 5 اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک اسپتال منتقل کرنے کے دوران موت کے منہ میں چلا گیا۔
ٹریفک حادثے میں ایک اہلکار شدید زخمی ہوا جسے تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیرِ علاج ہے۔
راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ آج صبح انتہائی افسوس ناک خبر سنی جس میں چھ اہلکار ہلاک ہوئے۔
اشوک گہلوت نے کہا کہ ہلاک اہلکاروں کے لواحقین سے ہمدری کا اظہار اور زخمی کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔