کراچی میں سفید افریقی شیر کے 6 بچوں کی پیدائش

کراچی سفید افریقی شیر

کراچی: بحریہ ٹاؤن کراچی میں بین الاقوامی معیار کے چڑیا گھر ڈینزو میں سفید افریقی شیر کے 6 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سفید افریقی شیر کے 6 بچوں کی پیدائش پر ڈینزو کے ویٹرنری اسٹاف، مینجمنٹ اور جانوروں سے محبت کرنے والے افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے جنوبی ایشیا میں سفید شیر کے بیک وقت سب سے زیادہ بچوں کی پیدائش کا یہ ریکارڈ ہے۔

پیدائش کے وقت بچوں کا وزن تقریباً ایک کلو تھا جبکہ سفید افریقی شیر کے تمام چھے بچے نر ہیں۔

واضح رہے کہ 70 ایکڑ اراضی پر پھیلے ڈینزو کو بڑی ذہانت کے ساتھ جانوروں کی نسل کے مطابق دلچسپ نام دے کر بڑے حصے میں تقسیم کیا گیا ہے۔

ان حصوں میں جانوروں کو وسیع و عریض پنجروں میں انتہائی قدرتی اور صحت افزا ماحول میں رکھا گیا ہے، بحریہ ٹاؤن کراچی میں موجود یہ جدید چڑیا گھر ہر عمر کے افراد کیلئے معلومات اور تفریح کا حسین امتزاج ہے۔