تبدیلی آ نہیں رہی، تبدیلی جارہی ہے، مریم نواز کا ٹویٹ

لاہور: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے پی ٹی آئی حکومت پر تنقیدی ٹویٹ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ’تبدیلی آ نہیں رہی، تبدیلی جارہی ہے۔

مریم نواز نے لکھا کہ ’تبدیلی رسوائی بدنامی اور کروڑوں بددعائیں سمیٹ کر جارہی ہے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ تبدیلی عوام کو مہنگائی، نااہلی کی دلدل میں دھکیل کر جارہی ہے، تاریخی ناکامی کے انمٹ داغ اپنے ماتھے پر سجا کر وہ جارہی ہے۔‘

حکومت نے ملک کو دیوالیہ کرکے چھوڑا ہے، حمزہ شہباز

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ بدانتظامی، مہنگائی، کرپشن کا بدلہ عوام نے ووٹ کی طاقت سے لیا، اس حکومت نے ملک کو دیوالیہ کرکے چھوڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے گڑھ پشاور کے میئر کی نشست ہارنے کو نوشتہ دیوار سمجھے، حکومت کے اپنے بھی اس سچ کو چھپا نہیں پارہے ہیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام اس عذاب سے جلد چھٹکارا چاہتے ہیں، شفاف الیکشن ہوں تو پی ٹی آئی کو منہ چھپانے کی جگہ نہ ملے۔

واضح رہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کا سلسلہ جاری ہے۔

چیئرمین تحصیل کی 35 اور میئر کی 2 نشستوں کا غیر سرکاری نتیجہ آگیا، جمیعت علمائے اسلام ف نے 13 چیئرمین اور 1 میئر کی نشست، جبکہ تحریک انصاف نے اب تک چیئرمین کی 10 نشستیں جیت لیں۔

چیئرمین کی 5 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوگئے، عوامی نیشنل پارٹی نے چیئرمین کی 4 اور میئر کی 1 نشست، مسلم لیگ ن نے چیئرمین کی 2 نشستیں اور جماعت اسلامی نے چیئرمین کی 1 نشست جیت لی۔