پاکستان کی 61 فیصد آبادی پڑھی لکھی ہے

پہلی ڈیجیٹل مردم شماری میں پاکستان میں 61 فیصد خواندگی کی شرح ریکارڈ ہوئی جس میں 68 فیصد مرد اور 53 فیصد خواتین پڑھی لکھی ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان میں ہونے والی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کی تفصیلات گزشتہ دنوں جاری کی گئیں۔ اس مردم شماری کے مطابق پاکستان میں 61 فیصد خواندگی کی شرح ریکارڈ ہوئی جس میں 68 فیصد مرد اور 53 فیصد خواتین پڑھی لکھی ہیں۔ 10 سال یا زائد عمر کے 10 کروڑ 41 لاکھ افراد پڑھے لکھے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ملک کا سب سے پڑھا لکھا شہر دارالحکومت اسلام آباد ہے، جس کی 84 فیصد آبادی خواندہ ہے۔

بات کی جائے صوبوں کی تو ملک کا سب سے بڑا صوبہ پنجاب پہلے نمبر ہے ہے جس کی 66 فیصد آبادی خواندہ ہے۔ سندھ کی 58 فیصد، خیبر پختونخوا کی 51 فیصد جب کہ بلوچستان کی 42 فیصد آبادی پڑھنا لکھنا جانتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک میں 36 فیصد بچے اسکول جانے سے محروم ہیں جب کہ 5 سے 16 سال کی عمر کے 2 کروڑ 53 لاکھ 70 ہزار بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔

پنجاب میں اسکولوں سے باہر بچوں کی تعداد 96 لاکھ، سندھ میں 78 لاکھ تک ہے۔ خیبرپختوانخوا میں 49 لاکھ بچے اور بلوچستان میں 50 لاکھ سے زائد بچے اسکول جانے سے قاصر ہیں

اسکول سے باہر بچوں کی شرح کے حساب سے بلوچستان میں سب سے زیادہ 58 فیصد بچے اسکولوں سے دور ہیں۔ سندھ میں آؤٹ آف اسکول کی شرح 46 فیصد اور خیبرپختوانخوا میں 37 فیصد ہے۔

اسی طرح پنجاب میں سب سے کم 27 فیصد بچے اسکول نہیں جاتے۔ بلوچستان میں خواتین میں شرح خواندگی صرف 33 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

واضح رہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری کے جاری کردہ نتائج کے مطابق پاکستان کی آبادی  24 کروڑ، 14 لاکھ 90 ہزار ہے اور وہ دنیا میں سب سے زیادہ آبادی رکھنے والا پانچواں ملک بن گیا ہے۔

https://urdu.arynews.tv/pakistan-became-the-fifth-most-populous-country-in-the-world/