’اپوزیشن نے اسمبلی میں 175 ارکان پیش کرکے اکثریت ثابت کردی‘

اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے آج اسمبلی میں 175 ارکان کھڑے کرکے اپنی اکثریت ثابت کردی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے پاس اب کوئی محفوظ راستہ اور بیک ڈور راستہ نہیں ہے، حکومت کے اتحادیوں نے بھی ان کا ساتھ چھوڑ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پھر اسپیکر کو استعمال کرکے غیر آئینی راستہ اپنایا گیا، عمران خان کے پاس ایک ہی راستہ ہے وہ استعفیٰ دے دیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان سمجھتے ہیں کہ وہ این آر اولے سکتے ہیں توبہت دیرہوچکی ہے، عمران خان جواس وقت کررہےہیں وہ ملک کابھی نقصان کررہےہیں، یہ جاتے جاتے خارجہ پالیسی اور معیشت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: بلاول بھٹو کا وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ کرسی بچانے کیلئےعمران خان نامناسب اقدامات کررہے ہیں، ان کو جس طرح اقتدار ملا وہ انتہائی نامناسب تھا، ان کو جس طرح ہٹایا جارہا ہے وہ ایک جمہوری طریقہ ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان جمہوری طریقے کا احترام کرتے ہوئے عہدے سے ہٹ جائیں گے، عمران خان جاتے ہوئے عوام کی رائے کا احترام کریں۔