اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ آئین کے مطابق نئے آرمی چیف کی تقرری کے لیے سمری آئی تو دستخط کر دوں گا۔
اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو میں صدر مملکت عارف علوی نے کہا: ’نئے آرمی چیف کے لیے آئین میں مشاورت لازمی نہیں ہے لیکن مشاورت ہو جائے تو اچھا ہے۔ لندن جا کر بھی تو نئے نام پر مشاورت کی تھی۔ وہاں جا کر مشاورت کرنا ٹھیک مگر کسی اور سے مشاورت کرنا غلط؟‘
عارف علوی نے کہا کہ میرا تجزیہ یہ ہے کہ ملک میں مشاورت کی کیفیت بند کر دی گئی ہے، ہو سکتا ہے آرمی چیف معاملے میں مشاورت کا مشورہ کچھ زیادہ ہی آسان لے لیا گیا ہو۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری جب صدر بنے تو انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو فون کیا تھا، صدر بننے کے بعد آصف زرداری نے عمران خان سے پوچھا کہ مجھے کیا کرنا چاہیے، عمران خان نے انہیں بتایا کہ پہلے 100 دنوں میں سارے مشکل فیصلے کر لینا۔