پاکستان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے کینگرو کے دیس میں ہے کیا آپ جانتے ہیں کہ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ٹیسٹ میچوں کا ریکارڈ کیا ہے۔
پاکستان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے کینگرو کے دیس میں ہے اور پرائم منسٹر الیون کے خلاف چار روزہ ٹور میچ سے دورے کا آغاز کر دیا لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ٹیسٹ میچوں کی تاریخ کتنی پرانی ہے اور باہمی سیریز کا ریکارڈ کیا ہے؟ اگر نہیں جانتے تو ہم آپ کو بتاتے ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کرکٹ تعلقات قیام پاکستان کے 9 سال بعد 1956 میں قائم ہوئے جب 1956-57 کے سیزن میں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا گیا جس کے بعد سے اب تک باہمی طویل دورانیے کے 69 میچز کھیلے جا چکے ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلی سیریز میں قومی ٹیم سرخرو رہی اور جیت کر سبز ہلالی پرچم بلند کیا جب کہ کینگروز نے آخری بار پاکستان کا دورہ 2021-22 میں کیا تھا جس میں شاہینوں کو ہوم گراؤنڈ پر 3 میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے شکست ہوئی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 69 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے ہیں، جس میں 34 میچز میں آسٹریلیا نے جبکہ پاکستان محض 15 میچز میں کامیابی حاصل کرسکا ہے جب کہ 20 ٹیسٹ میچز ڈرا ہوئے جبکہ ہوم گراؤنڈ پر آسٹریلیا نے 26 اور پاکستان نے 7 فتوحات سمیٹی ہیں۔
پاکستان 1999 سے آسٹریلیا کی سر زمین پر کوئی ٹیسٹ جیتنا تو درکنا ڈرا بھی نہیں کر سکا ہے۔
شاہینوں نے اس بار تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے کینگروز کے دیس میں ڈیرے ڈالے ہیں جس کا باقاعدہ آغاز 14 دسمبر کو پرتھ میں ہونے والے ٹیسٹ سے ہوگا جس کو ویسٹ ٹیسٹ کا نام دیا گیا ہے۔ سیریز کو قادر بینو ٹرافی سے منسوب کیا گیا ہے جب کہ یہ سیریز ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔
دورہ آسٹریلیا، ٹور میچ کے پہلا دن پاکستانی بیٹرز کے نام، کپتان شان مسعود ڈبل سنچری کی جانب گامزن
پاکستان نے پی ایم الیون کے خلاف چار روزہ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن 6 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنا لیے ہیں۔ کپتان شان مسعود 156 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔