کوئٹہ سے گرفتار خاتون خودکش بمبار سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات

کوئٹہ کے سیٹلائٹ ٹاؤن سے گرفتار کی جانے والی کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کی خاتون خودکش حملہ آور سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات سامنے آگئے۔

انکشافات میں پتا چلا ہے کہ ماہل بلوچ نامی خاتون خودکش بمبار کے شوہر بیباگار اور سسر ماسٹر محمد حسین کا بی ایل ایف کے عسکری ونگ سے گہرا تعلق ہے۔ اس کا بھائی کالعدم تنظیم میں کمانڈروں کے قریب ترین ساتھیوں میں شامل تھا۔

سسر ماسٹر محمد حسین کا تعلق بی این ایم کی مرکزی کمیٹی سے ہے۔ ماہل بلوچ کی بہن کی شادی ڈاکٹر اللہ نذر کے بھتیجے یوسف سے ہوئی جو بلوچ حقوق کی نام نہاد تنظیم کا چیئرمین ہے۔

2016 میں بیباگار اور اس کا بھائی نوکب آپس میں پیسے اور ہتھیاروں کے تنازع پر لڑائی میں مارے گئے تھے۔ خاتون دہشتگرد پر زور دیا گیا کہ وہ کالعدم تنظیم کے عسکری ونگ کو سپورٹ کرے۔

گزشتہ روز محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) اور حساس اداروں نے کوئٹہ میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے خاتون خودکش بمبار خاتون کو گرفتار کیا تھا جس کے قبضے سے خودکش جیکٹ برآمد ہوئی جس کا وزن 4 سے 5 کلو گرام تھا۔

سی ٹی ڈی حکام نے بتایا تھا کہ خاتون خودکش بمبار شہر میں کسی اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتی تھی۔