اسلام آباد: سینیٹ کے اجلاس میں اہم امور سے متعلق 7 بل پیش کردیے گئے، چیئرمین سینیٹ نے تمام بل متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو روانہ کردیے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کے اجلاس میں 7 بل پیش کیے گئے، پہلا بل پاکستان انجینئرنگ کونسل ایکٹ 1976 میں مزید ترمیم کا سینیٹر عتیق شیخ نے پیش کیا۔
اجلاس میں یونانی، آیو ویدک اور ہومیو پیتھک پریکٹیشنرز ایکٹ میں مزید ترمیم کا بل پیش کیا گیا۔ مذکورہ ایکٹ میں ترمیم کا بل مہر تاج روغانی نے پیش کیا۔
سینیٹ میں گداگری کی روک تھام سے متعلق بل بھی پیش کیا گیا۔ سینیٹر میاں عتیق شیخ نے ممانعت گداگری، گرفتاری اور تربیت کا بل پیش کیا۔
اجلاس میں گارڈینز اینڈ وارڈز ایکٹ 1890 میں مزید ترمیم کا بل بھی پیش کیا گیا۔ سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے گارڈینز اینڈ وارڈز ایکٹ 1890 میں مزید ترمیم کا بل پیش کیا۔
سینٹر ثمینہ سعید نے دماغی کمزوری سے متاثرہ بچوں کی تعلیم و تربیت سے متعلق بل پیش کیا۔
سینیٹ میں گرفتار، زیر حراست اور دوران تفتیش افراد کے حقوق سے متعلق بل بھی پیش کیا گیا۔ مذکورہ بل سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے پیش کیا۔ علاوہ ازیں سینیٹر بہرہ مند تنگی نے سینیٹ میں نیشنل ہائی ویز سیفٹی ترمیمی بل پیش کیا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے تمام بل متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو روانہ کردیے۔