بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر پنچکونہ میں سنسان سڑک پر کھڑی کار سے ایک ہی خاندان کے سات افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق کار سے 7 افراد کی لاشیں ملنے کا واقعہ سیکٹر 27 میں پیر کی شب 11 بجے پیش آیا۔ خاندان کا تعلق ریاست اتراکھنڈ کے شہر دہرادون سے ہے جو ایک مذہبی تقریب میں شرکت کیلیے پنچکونہ آیا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی، کار سے میاں بیوی، ان کے تین بچے اور دو بزرگ افراد کو مردہ حالت میں دیکھا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: لیجنڈری اداکار، اہلیہ اور پالتو کتے کی گھر سے لاشیں برآمد
پولیس نے کار سے ایک خودکشی نوٹ بھی برآمد کیا جس میں انتہائی قدم کی وجہ مالی پریشانی بتائی گئی۔ مرنے والوں میں سے ایک کی شناخت پروین متل کے نام سے ہوئی جبکہ دیگر اس کے والدین، بیوی اور تین بچے تھے۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) پنچکولہ ہمادری کوشک نے بتایا کہ ہماری فرانزک ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے، ہم تحقیقات کر رہے ہیں جبکہ گاڑی کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔
ڈی ایس پی نے کہا کہ ابتدائی طور پر سامنے آنے والے کچھ حقائق سے پتا چلتا ہے کہ یہ خودکشی کا معاملہ ہے۔
دوسری جانب، کرائم برانچ کے انسپکٹر نرمل سنگھ نے بتایا کہ ہمیں کل رات تقریباً 11 بجے اطلاع ملی کہ ایک کار میں کچھ لاشیں ملی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم موقع پر پہنچے تو لاشوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا، کار میں پروین نامی ایک شخص اور اس کا خاندان سوار تھا۔