اسلام آباد: امریکا نے پاکستان میں سیلاب متاثرہ اضلاع کے طالب علموں کے لیے 500 نئے تعلیمی وظائف کا اعلان کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ تعلیمی وظائف جامعات میں زیر تعلیم سیلاب متاثرہ طالب علموں کو دئیے جائیں گے۔
امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ خواتین کی معاونت کی پالیسی کے تحت وظائف کا 60 فیصد خواتین کے لیے مختص ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلَوم نے کہا کہ خواتین کا عالمی دن نہ فقط ہماری ماؤں، دادیوں نانیوں، بہنوں اور بیٹیوں کی سماجی، معاشی، ثقافتی اور سیاسی کامیابیوں کا جشن منانے کا موقع ہے بلکہ یہ دن صنفی مساوات یقینی بنانے کی جدوجہد میں تیزی لانےاورصنف سے وابستہ گِھسے پِٹے تصورات کے خاتمے کا بھی متقاضی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے سیلاب متاثرہ طالب علموں کے لیے امریکی معاونت کا خیر مقدم کیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان نے تباہ کُن سیلاب سے بہت نقصان برداشت کیا، سیلاب سے لاکھوں افراد بے روزگار ہوئے۔ امریکا کی جانب سے طالب علموں کے لیے وظائف کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔