کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے 18 مارچ کو باغ جناح میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق باغ جناح میں جلسے کے لیے ایم کیو ایم کی جانب سے تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے لیے رابطہ کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں 18 مارچ جلسے کے لیے حکمت عملی طے کی جائے گی۔
کنوینئر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار، مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی جلسہ گاہ پہنچ گئے ہیں، رہنماؤں نے جلسہ گاہ کے انتظامات اور سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیا۔
واضح رہے کہ 5 مارچ کو ہونے والے جنرل ورکرز اجلاس میں ایم کیو ایم کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول نے 19 مارچ کو جلسے کا اعلان کیا تھا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے پروگرام کے مطابق پہلے یوم تاسیس کے موقع پر 18 مارچ کو پارٹی مرکز سے متصل پارک میں یوم تاسیس کا پروگرام ہونا تھا اور 19 مارچ کو باغ جناح میں جلسہ کرنا تھا۔
اب پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی جلسہ اور ایم کیوایم کا یوم تاسیس 18 مارچ کو ہی باغ جناح میں منایا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایم کیو ایم پاکستان نے 12 مارچ کو کراچی اور 18 مارچ کو حیدر آباد میں جلسے کا اعلان کیا تھا۔