اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے بیرسٹر شہزاد عطا الٰہی کا اٹارنی جنرل کے عہدے سے استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایڈووکیٹ سپریم کورٹ منصور عثمان کی بطور اٹارنی جنرل آف پاکستان تعیناتی کردی ہے۔
صدر نے استعفے کی منظوری و تعیناتی آرٹیکل 100 کے تحت وزیراعظم کی ایڈوائس پر دی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اٹارنی جنرل بیرسٹر شہزاد عطا الہٰی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
ذرائع کا بتانا تھا کہ بیرسٹر شہزاد سے کچھ اہم وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دیا ہے جب کہ ان کے قریبی ذرائع استعفے کی وجہ ذاتی وجوہات قرار دے رہے تھے۔
یاد رہے کہ سابقہ اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کے مستعفی ہونے کے بعد حکومت کو نئے اٹارنی جنرل کی تعیناتی میں بھی مشکلات پیش آئی تھیں۔
موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد یہ دوسرے اٹارنی جنرل ہیں جنہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ سال مئی میں اٹارنی جنرل آف پاکستان کا عہدہ سنبھالنے والے اشتر اوصاف نے گزشتہ برس 12 اکتوبر کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔