عید سے قبل ملک میں مہنگائی کے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے

مہنگائی

عید سے قبل ملک میں مہنگائی کے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہفتہ وار مہنگائی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 47.23 فیصد پر پہنچ گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطبق ادارہ شماریات نے رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ہفتہ وار مہنگائی میں 0.51 فیصد کا مزید اضافہ ہوا ہے ایک ہفتے میں 29 اشیا مہنگی، 8 کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔

حالیہ ہفتے 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ ایل پی جی 4.75 اور پیٹرول 3.67 فیصد مہنگا ہوا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آلو 3.79، چائے 3.61 اور چکن کی قیمت میں دو فیصد اضافہ ہوا ہے، ایک ہفتے میں ماچس کا ڈبا 2.51 اور کیلے 1.68 فیصد مہنگے ہوئے۔

اسی طرح چاول، گڑ، انڈے، مٹن، بیف، دودھ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے جبکہ ٹماٹر کی قیمتوں میں 13.11 فیصد اور پیاز کی قیمت میں 4.62 فیصد کمی ہوئی ہے۔

حالیہ ہفتے میں آٹے، چینی، لہسن کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔