اسرائیل نے غزہ میں پناہ گزین کیمپ پر بمباری کردی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 71 فلسطینی شہید اور 289 افراد زخمی ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے خان یونس کے المواسی پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی، حملے میں اسرائیل نے حماس کے فوجی سربراہ محمد ضیف کو نشانہ بنایا تھا۔
اسرائیلی فوجی اہلکار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ابھی تک حملے کے نتائج اور اس سے متعلق تصدیق کررہے ہیں۔
حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کا یہ دعویٰ غلط ہے کہ اس نے گروپ کے رہنماؤں کو نشانہ بنانا تھا۔
کیمپ میں پناہ لینے والے بے گھر لوگوں نے بتایا کہ فضائی حملے کی وجہ سے ان کے خیمے اکھڑ گئے، لاشیں اور جسم کے اعضا زمین پر بکھڑے پڑے ہیں۔
غزہ کے رہائشی شیخ یوسف کا کہنا تھا کہ میں نے خیمے سے نکل کر ارد گھر دیکھا، ہر طرف خواتین اور بچوں کی لاشیں موجود ہیں۔
محمد ضیف اسرائیل کو انتہائی مطلوب افراد میں سرفہرست ہیں۔ اسرائیل برسوں سے محمد ضیف کو شہید کرنے کےلیے متعدد حملے کرچکا ہے لیکن ہر بار وہ محفوظ رہے۔
محمد ضیف کا شمار ان کمانڈرز میں ہوتا ہے جو حماس کی دفاعی قوت کے لیے بہت اہم سمجھے جاتے ہیں۔