پنجاب میں کل نویں‌ جماعت کا پرچہ ہوگا یا نہیں؟ اعلان ہوگیا

میٹرک

لاہور: سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں اور سڑکوں کی بندش کے باعث کل پنجاب میں نویں جماعت کا پرچہ ملتوی کردیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور بورڈ کا کہنا ہے کہ کل صوبے بھر میں نویں جماعت کا پرچہ ملتوی کردیا گیا ہے، ملتوی شدہ پرچے کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کل نویں جماعت کا ترجمہ القرآن کا پیپر ہونا تھا۔

دوسری جانب ناظم امتحانات ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی حبیب اللہ سہاگ کا کہنا ہے کہ میٹرک کے سالانہ امتحانات کل شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کل صبح ساڑھے 9 بجے بائیولوجی کا پرچہ لیا جائے گا، دوپہر ڈھائی بجے میٹرک جنرل گروپ اور انگلش کا پرچہ ہوگا۔

علاوہ ازیں کراچی میں برٹش کونسل نے کل ہونے والے کیمبرج کے امتحانات منسوخ کر دیے۔ برٹش کونسل کا کہنا ہے کہ پاکستان کی موجودہ صورتحال اور طلبہ کے تحفظ کی خاطر فیصلہ کیا گیا، منسوخ کیے جانے والے امتحان کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔