کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ بھارت بھی نہیں کرپایا جو پی ٹی آئی کارکن قیادت کے کہنے پر کررہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی رہنما ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو پنجاب میں فوج کی طلبی پر حیرت ہوئی ہے انہیں اس وقت حیرت ہونی چاہیے تھی جب جلاؤ گھیراؤ ہورہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے پشاور میں ریڈیو پاکستان پر بھی حملہ کیا دہشت گرد کارروائیوں اور نقصانات کا حساب دینا ہوگا۔
پی پی رہنما نے کہا کہ گرفتاریاں تو آصف زرداری، فریال تالپور اور نواز شریف کی بھی ہوئیں لیکن پی ٹی آئی کارکنان نے سرکاری و نجی املاک پر حملہ کیا ایسا تو ملک دشمن ہی کرسکتا ہے۔
ناصر شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما احتجاج کی کال دے کر اور کارکنوں کو باہر نکال کر خود بھاگ گئے، کراچی کے عوام جلاؤ گھیراؤ کو پہلے ہی مسترد کرچکے ہیں۔