چیئرمین پی سی بی کا انتخاب، حکومتی اتحادی آمنے سامنے آگئے

نجم سیٹھی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے حکومتی اتحادی آمنے سامنے آگئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی کو چیئرمیین پی سی بی نامزد کرنے کا گرین سگنل دیا تو دوسری طرف پیپلزپارٹی نے سابق چیئرمین ذکا اشرف کو میدان میں اتار دیا۔

وزارت بین الصوبائی رابطہ کے وزیر احسان مزاری کا کہنا ہے کہ آئی پی سی کی وزارت ان کے پاس ہونے کے ناطے بورڈ سربراہ کی تعیناتی بھی ان کا ہی اختیار ہے۔

احسان مزاری کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کی نامزدگی کا کہا گیا تو سمری نہیں بھیجوں گا اس بار نجم سیٹھی کو توسیع نہیں ملے گی، واضح کردوں بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف ہوں گے۔

واضح رہے کہ 21 جون کو پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی مدت پوری ہورہی ہے۔

پی سی بی بورڈ آف گورنرز خصوصی اجلاس میں پیٹرن کے نامزد دو افراد میں سے کسی ایک کو نئے سربراہ کے طور پر منتخب کریں گے۔