راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز سے جھڑپ کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فورسز کی موثر جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد فورسز پر حملوں، دہشت گرد کارروائیوں میں مطلوب تھا، دہشت گرد معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھا۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ علاقے کے لوگوں نے آپریشن کو سراہا اور عوام نے علاقے سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز میرانشاہ میں سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔
آئی ایس پی آرکا کہنا تھا کہ ہلاک دہشتگردوں سے ہتھیار اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں جب کہ جھڑپ کےدوران صوبیدار اصغر علی، سپاہی نسیم خان اور سپاہی محمد زمان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں، علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے اور مسلح افواج دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔