سمندری طوفان کی اصل شدت کا پتہ کل چلے گا، شیری رحمان

شیری رحمان

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کا کہنا ہے سمندری طوفان کی اصل شدت کا پتہ کل چلے گا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی اور سمندری طوفان کے پیش نظر کیے جانے والے اقدامات سے متعلق بتایا۔

شیری رحمان نے کہا کہ سمندری طوفان کل دن 11 بجے کیٹی بندر سے ٹکرائے گا جبکہ کراچی سے یہ دور ہوتا جارہا ہے، وزیراعظم نے میری سربراہی میں طوفان کو مانیٹر کرنے کی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے لوگوں کو جلد سے جلد منتقل کیا جائے، ساحلی علاقوں سے لوگوں کی منتقلی کا عمل جاری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹھٹھہ، بدین، سجاول اور تھرپارکر زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں، عوام سے درخواست ہے متعلقہ اداروں سے تعاون کریں۔

دوسری جانب چیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کا کہنا ہے کہ پاک فوج اور رینجرز نے بڑی تعداد میں لوگوں کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا ہے، متاثر کے کیمپوں میں خوراک، طبی سہولت فراہم کی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان بپر جوائے سے متعلق پیشگوئی کی ہے کہ وہ آج اپنی سمت مزید تبدیل کر سکتا ہے۔