ڈیرہ اسماعیل خان: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ایجنٹ اور دوست چیئرمین پی ٹی آئی کی حمایت کررہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو ہمارے ملک دشمن ہیں وہ چیئرمین پی ٹی آئی کی حمایت کررہے ہیں، بیرونی ایجنڈے کے تحت ملکی ترقی میں رکاوٹ ڈالی گئی۔
انہوں نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں دھاندلی کے سرپرست کون ہیں ہمیں معلوم ہے لیکن آج وہ سرپرست رہے اور نہ اس سے فائدہ اٹھانے والے رہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے مقابلہ کیا، عوام کو اٹھایا اور ان کا تختہ الٹ دیا، ہم نے ساڑھے تین سال مقابلہ کیا، 14 ملین مارچ کیے لیکن پرامن رہے، پورے ملک میں احتجاج کے دوران ایک گملہ بھی نہیں ٹوٹا، ہم نے ریاست سے شکایت ضرور کی ہے لیکن اس کی حدود کو بھی سمجھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ نکلے تو جی ایچ کیو اور کور کمانڈر ہاؤس پر حملے کیے، شہدا کی یادگاروں پر پتھر برسائے، مسجدوں کو جلایا، ریاست، شریعت اور دین بھی تم سے محفوظ نہیں رہا، میں جو پہلے دن سے آواز اٹھا رہا تھا وہ صحیح ثابت ہوئی۔
فضل الرحمان نے کہا کہ جو میں شروع دن سے بتا رہا تھا آج وہ موقف سب کو سمجھ آیگا ہے، انہی لوگوں نے سی پیک کو روکا، ملک کی ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم جو پہلے دن سے ان سے متعلق کہہ رہے تھے آج وہ سب کی زبان پر ہے، جو سی پیک اور چین کے دشمن ہیں وہ چیئرمین پی ٹی آئی کے دوست ہیں۔