اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بہت جلد پاکستان کو کھویا ہوا مقام واپس دلوائیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پرائم منسٹر نیشنل انووینشن ایوارڈ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو درست سمت میں ڈال دیا تو کم از کم اپنی قبر میں سکون سے رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک میں اندھیرے نہیں تو اس میں سی پیک کا اہم کردار ہے، کسی کو وقتی طور پر خوش کرنے کے لیے دوست کو بھلا دیں یہ اللہ کو بھی پسند نہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئیں ہم مل کر پاکستان کو بنانے کا عزم کریں، پاکستان کو آج شدید مالی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن میرا ایمان ہے ہم اس مشکل سے ضرور نکلیں گے اگر قوم فیصلہ کرلے مشکل سے نکلنا ہے تو کوئی پہاڑ، سمندر رکاوٹ نہیں بن سکتا۔
شہباز شریف نے کہا کہ مجھے لوگ کہتے ہیں آپ کے دور میں پنجاب آگے بڑھ رہا تھا اگر میں وہ داستان لے کر بیٹھ جاؤں تو رات ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں چیلنجز آتے ہیں، تقریروں، مرسیے اور اشعار پڑھنے سے تقدیر نہیں بدلے گی، باتوں سے نہیں عمل سے تقدیر بدلنا ہوگی آئیں مل کر وعدہ کریں کہ پاکستان کی تقدیر بدلیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین کے بارے میں بعض لوگوں نے جملے کسے جس سے چین کا دل دکھا آج انہیں یقین دلاتے ہوئے ایک سال ہوگیا کہ آئندہ ایسا نہیں ہوگا، چین سمجھ گیا کہ پاکستان مشکل میں ہے ان کا ہاتھ تھامنا ہوگا، سعودی عرب، یو اے ای، قطر پاکستان کی مدد کررہا ہے، دوست ممالک کے بارے میں دشنام ترازی کریں تو اس سے بڑی شرم کیا ہوگی۔