یونان کشتی حادثے میں ملوث ایک اور انسانی اسمگلر گرفتار

یونان کشتی حادثہ

گوجرانوالہ: ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گوجرانوالہ نے کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر علی عظمت کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ایجنٹ نے شہری کو یورپ بھجوانے کے لیے پیسے وصول کیے، ملزم کا تعلق سیالکوٹ سے ہے۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ایجنٹ نے یورپ بھجوانے کے لیے 17 لاکھ روپے وصول کیے تھے، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے کا بتانا ہے کہ احسن شیراز نامی شہری یونان کشتی حادثے میں جاں بحق ہوا تھا۔

واضح رہے کہ کشتی حادثے میں ملوث 12 انسانی اسمگلروں کے خلاف چار مختلف مقدمات درج کر لیے، تین مقدمات تھانہ گجرات اور ایک گوجرانوالہ میں درج کیا گیا ہے۔

تین مقدمات ایف آئی اے نے زندہ بچنے والوں کے بیانات کو بنیاد بنا کر ایف آئی اے کی مدعیت میں درج کیے گئے جبکہ ایک مقدمہ حادثے میں زندہ بچنے والے عظمت خان کے بھائی جاوید اقبال کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے گجرات کے تین مقدمات میں بارہ انسانی اسمگلرز کو ملزمان نامزد کیا گیا ہے جبکہ گوجرانوالہ کے مقدمہ میں پانچ انسانی اسمگلرز کو ملزم نامزد کیا گیا ہیں۔

جن میں آصف سنیارا، ریاست، رانا نقاش ، ندیم اسلم اور محمد اسلم کے نام شامل ہیں ، ایف آئی اے حکام کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔