مسافروں نے چھلانگیں لگادیں، علامہ اقبال ایکسپریس حادثے سے بچ گئی

ٹرین حادثے سے بچ گئی

نارروال کے قریب علامہ اقبال ایکسپریس بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ریلوے انتظامیہ کا بتانا ہے کہ بدو ملہی اسٹیشن پر علامہ اقبال ایکسپریس کی بوگی کے پہیے کھل گئے جس کے نتیجے میں ٹرین حادثے سے بال بال بچ گئی۔

ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 9 اپ علامہ اقبال ایکسپریس کراچی سے براستہ لاہور نارووال آرہی تھی۔

ٹرین بدوملہی اسٹاپ کے بعد نارروال کے لیے روانہ ہونے لگی تھی کہ بوگی ٹریک سے اترنے پر مسافروں نے چیخ و پکار، چھلانگیں لگادیں۔

بوگی ٹریک پر اترنے سے آنے جانے والی ٹرین کی آمدورفت معطل ہوگئی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی سے راولپنڈی جانے والی ہزارہ ایکسپریس بڑے حادثے سے بچ گئی تھی، بولاری اسٹیشن کے قریب ٹرین کی ایک بوگی دروازے کے پاس سے ٹوٹ گئی تھی۔