آئی ایم ایف سے ایک دو روز میں اسٹاف لیول معاہدے کا امکان

اسلام آباد: حکومت کو ایک دو روز میں‌ آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدے کی توقع ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرض پروگرام کی مدت ختم ہونے میں ایک روز باقی ہے جبکہ حکومت کو آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدے کی توقع ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنی طرف سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے تمام معاملات طے کرلیے ہیں۔

وزارت خزانہ حکام کا کہنا ہے کہ اگلے ایک دو روز تک آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدے کا امکان ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کے لیے تمام شرائط پوری کردی ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کے لیے 90 فیصد شرائط پوری کردی ہیں جس کے بعد کل اسٹاف لیول معاہدے کا امکان ہے۔

ذرائع کا بتانا تھا کہ پاکستان نے سالانہ ایک لاکھ ڈالر پاکستان لانے کی اسکیم ختم کردی ہے۔

پاکستان نے آئی ایم ایف کی شرط پر شرح سود میں ایک فیصد اضافہ کردیا جس کے بعد بنیادی شرح سود 21 سے بڑھ کر 22 فیصد ہوگئی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کو 9 ٹیبلز پر مشتمل میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسز بھیج دیا گیا ہے، اب آئی ایم ایف کی فنانشل ماہرین کی ٹیم ایم ای ایف پی کا جائزہ لے گی۔