جوہانسبرگ میں 5 منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے 73 افراد ہلاک

جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ میں 5 منزلہ عمارت میں آتشزدگی کے باعث 73 افراد لقمہ اجل بن گئے، جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ میں عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے اور انتظامیہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرنے میں مصروف ہے۔

مقامی ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 5منزل عمارت میں آگ لگنے کے باعث 73 افراد جھلس کو ہلاک ہوچکے ہیں، جبکہ 40 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔

جوہانسبرگ ایمرجنسی مینجمنٹ سروس کے ترجمان کے مطابق عمارت میں آگ مقامی وقت کے مطابق رات ڈیڑھ بجے لگی جس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، لوگوں کو عمارت سے نکلنے کی مہلت بھی نہ مل سکی۔

ایمرجنسی حکام کا کہنا ہے کہ 50 کے قریب متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے اور متاثرہ عمارت میں ریسکیو آپریشن کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔