’عوام آئندہ انتخابات میں ن لیگ کو کامیاب کریں گے‘

رانا ثناءاللہ

فیصل آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عوام آئندہ انتخابات میں ن لیگ کو کامیاب کریں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق فیصل آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا، عوام آئندہ انتخابات میں ن لیگ کو کامیاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، ان کے دور میں ملک سے دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر معاہدہ کیا، پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف سے کیے معاہدے سے رو گردانی کی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنایا، ان کے دور حکومت میں مہنگائی عروج پر پہنچی اور نفرت کی سیاست کو فروغ دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کارکنوں کو شرپسندی کی تربیت دی، گالم گلوچ کے کلچر کو فروغ دیا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا گیا، ان کے دور میں کوئی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں ہوا بلکہ کرپشن عروج پر تھی، ن لیگ نے بے شمار ترقیاتی منصوبے بنائے۔