پی ٹی آئی نے کیوں الیکشن کا وقت ضائع کیا، یہ بڑا راز ہے، پرویز خٹک

پرویز خٹک

پشاور: سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے کیوں الیکشن کا وقت ضائع کیا یہ بڑا راز ہے، یہ راز جس دن کھلے گا سب کی آنکھیں کھل جائیں گی کہ پی ٹی آئی کا پروگرام کیا تھا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے سربراہ پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو بار بار الیکشن کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے اس پیشکش کو قبول کیوں نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کروانے کے مواقع ہمیں مل چکے تھے، پی ٹی آئی نے تین سے چار مرتبہ الیکشن کے مواقع کیوں ضائع کیے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ ہم خیال این این ایز، ایم پی ایز کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا کہ نئی پارٹی بنائی جائے، پارٹی کے جھنڈے اور منشور سے متعلق جلد آگاہ کریں گے، ہمارا فیصلہ ملک کے مفاد میں ہوگا۔

یہ پڑھیں: پرویزخٹک نے ‘پی ٹی آئی پارلیمینٹرینز’ کے نام سے پارٹی کا باقاعدہ اعلان کردیا

انہوں نے کہا کہ میں نے اور محمود خان نے کے پی میں دو بار صوبے کی خدمت کی، ہم نے جو صوبے میں خدمت کی اس کا نتیجہ بھی سب کے سامنے ہے، پوری کوشش کی کہ صوبے کی اور ملک کی خدمت کریں۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ہم نے کے پی میں سہولت صحت کارڈ کا اجرا کیا، سوات موٹروے بنایا، پشاور بی آر ٹی بنائی اور صوبے میں سڑکوں کا جال بچھایا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے سامنے دو سوال چھوڑتا ہوں، ان پر سب کو سوچنا چاہیے، کیا ہمیں جمہوریت کے راستے پر چلنا ہے یا انتشار کی سیاست کرنی ہے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ سب کو سوچنا چاہیے ہمارا جمہوری ملک ہے اور الیکشن ہونے چاہئیں، ہم نے اسی وجہ سے ہم خیال ٹیم، باشعور کارکنان کو ملا کر ترقی کی راہ پر چلنے کا فیصلہ کیا ہے، ہم سب پاکستان کے ساتھ ہیں، اللہ ہمیں توفیق دے ملک کی ترقی میں کردار ادا کرسکیں۔