کراچی میں ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل نے جعلی ٹریول ایجنسی کے دفتر پر چھاپہ مار کر دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں محمد راحیل اور کاشف رضا شامل ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے 250 پاسپورٹس برآمد کیے گئے ہیں، ملزمان سے مختلف جعلی مہریں بھی برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کا چار دن کا ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل نے لاہور کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری سمیت 4ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں عبدالرحمان، محمد رشید، رضوان علی اور عمران اسلم شامل ہیں جو کہ انسانی سمگلنگ کے گھناؤنے جرم میں مطلوب تھے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان نے مختلف شہریوں کو بیرون ملک کینیڈا، اٹلی اور یو اے ای ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورے، ملزمان شہریوں کو بیرون ممالک بھیجوانے میں ناکام رہے اور رقوم وصول کرنے کے بعد روپوش ہوگئے تھے۔