کراچی کے نجی اسپتال سے جڑواں بچوں میں سے ایک بچے کے غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے نجی اسپتال میں اہلخانہ اور اسپتال انتظامیہ کے درمیان جھگڑا ہوا ہے، اہلخانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ جڑواں بچوں میں سے ایک کو اغوا کیے جانے کا شبہ ہے۔
اہلخانہ کے مطابق ڈاکٹر نے الٹرا ساؤنڈ میں دو بچوں کی نشاندہی کی تھی، آپریشن کے بعد ایک بچہ ہمارے حوالے کیا گیا ہے۔
نومولود کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اسپتال انتظامیہ نے تحقیقات کا کہا ہے جبکہ بچہ غائب ہونے پر پولیس کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
اہلخانہ کا بتانا ہے کہ پولیس کو الٹرا ساؤنڈ کی رپورٹیں بھی فراہم کردی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی میں جناح اسپتال کے گائنی وارڈ سے نومولود بچی مبینہ طور پر اغوا کرلی گئی تھی جس کے بعد والدین نے احتجاج کیا تھا۔
والد کا کہنا تھا کہ ایک روز قبل بچی کی پیدائش ہوئی تھی رات دو سے تین بجے کے درمیان بچی کو اغوا کیا گیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ نامعلوم خاتون نے بچی کا این آئی سی ایچ میں بہانے سے چیک اپ کروایا تھا، سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کے بعد حتمی نتیجے پر پہنچ سکیں گے۔