نواز شریف کیخلاف سازش کے تانے بانے ثاقب نثار سے ملتے ہیں، وزیراعظم

شہباز شریف این اے 242 کراچی سے دستبردار

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے خلاف سازش کے تانے بانے ثاقب نثار سے ملتے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو سزا دلا کر سیاست سے آؤٹ کرنے کی کوشش کی گئی، ثاقب نثار نے سازش کا جال بُنا، پاناما سے اقامہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاناما کیس میں چار سو نام تھے لیکن نواز شریف کا نام نہیں تھا، بدنیتی سے اقامہ پر فیصلہ دیا جس کا ذمہ دار ثاقب نثار ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف چند ہفتوں میں پاکستان آئیں گے، وہ وطن واپس آکر آئین و قانون کا سامنا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف ہم نے پابندی نہیں لگائی، پیمرا کے قانون کا سب کو احترام کرنا پڑے گا، کیا نواز شریف کے نام کی ٹی وی پر پابندی ہم نے لگوائی تھی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں گیس کے ذخائر آٹے میں نمک کے برابر ہیں، سستی گیس کے لیے دن رات ایک کیا، قطر سے رابطہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سپر ٹیکس صرف بڑے بڑے لوگوں پر لگایا گیا ہے، سپر ٹیکس میں تمام بڑی انڈسٹریز شامل ہیں، تمباکو، نان کارپوریٹ سیکٹر پر محکمہ ٹیکس کی نظر میں نے دلوائی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے پیسے خرچ کرکے اسکینر منگوائے ہیں، اسکینر مشینوں سے سگریٹ کی ڈبیوں پر ٹیکس کا پتا چل جائے گا۔