اسلام آباد: چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ کا کہنا ہے کہ چین پاکستان میں مزید سرمایہ کاری چاہتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سی پیک کے دس مکمل ہونے پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی نائب وزیراعظم ہی لی فینگ نے کہا کہ سی پیک دونوں ملکوں کے درمیان ایک اہم منصوبہ ہے کیونکہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے نے دونوں ملکوں کے باہمی مفاد کو نئی جلا بخشی ہے، ہم اس دوستانہ تعلقات کو مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
چینی نائب وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان میں مزید سرمایہ کاری چاہتا ہے، انڈسٹری، کلچر اور صحت کے شعبوں میں مزید تعاون کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن دونوں ملکوں کیلئے ایک یادگار دن ہے چین نے ترقی کا سفر ہمت اور لگن سے طے کیا چین اور پاکستان کے درمیان منفرد دوستی کا آغاز ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے چین اور پاکستان کی دوستی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا، صدرشی چن پنگ نےدورہ پاکستان کےموقع پر سی پیک کا تحفہ دیا، سی پیک کےبہت سےمنصوبوں کووقت سے پہلے مکمل کیا چند منصوبوں پر ابھی بھی کام جاری ہے جوتکمیل کےمراحل میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کو ختم کرنے میں سی پیک نے اہم کردار ادا کیا توانائی بحران پرقابو پانے کے بعد پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوا، سی پیک کےتحت25ارب ڈالرسےزائدکی سرمایہ کاری ہوئی ہے لاکھوں افراد کو سی پیک کےتحت روزگارکےمواقع ملے، چینی قیادت نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ دوستی کو نبھانے میں اہم کردار ادا کیا۔