چینی صدر کا سی پیک کی 10ویں سالگرہ کے موقع پر تہنیتی پیغام

بیجنگ: چینی صدر شی جن پنگ نے سی پیک کی 10ویں سالگرہ کے موقع پر تہنیتی پیغام بھیجا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو کا اہم ترین منصوبہ ہے، اب تک دونوں ملک مشترکہ مشاورت، تعمیر کے اصول سے آگے بڑھے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی تعمیر کو آگے بڑھا رہے ہیں، سی پیک کی بدولت پاکستان کی اقتصادی و سماجی ترقی کو نئی قوت ملی۔

چینی صدر نے کہا کہ سی پیک نے خطے میں باہمی رابطے، انضمام کے عمل کے لیے اچھی بنیاد ڈالی۔

شی جنگ پنگ نے کہا کہ سی پیک چین اور پاکستان میں چار موسموں کی دوستی کا جیتا جاگتا ثبوت ہے، چین شانہ بہ شانہ اس آہنی دوستی، ترقی سلامتی کو بہتر انداز میں مربوط کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی صورتحال میں کتنی ہی تبدیلیاں ہوں، چین ہمیشہ ثابت قدمی سے پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

چینی صدر کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی پاکستان سے معیاری، پائیدار، عوام دوست اہداف کے حصول میں تعاون چاہتے ہیں، پاک چین آل ویدر اسٹریٹیجک پارٹنر شپ کو نئی بلندی تک پہنچائیں گے۔