’نگراں حکومت اور گزشتہ حکومت نے سوائے ڈرامے کے کچھ نہیں کیا‘

شعیب شاہین

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین کا کہنا ہے کہ نگراں حکومت اور گزشتہ حکومت نے سوائے ڈرامے کے کچھ نہیں کیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جو فاشسٹ پالیسی گزشتہ حکومت کی تھی وہی اس نگراں حکومت کی ہے، الیکشن کمیشن، نگراں حکومت سوائے انتخابات کے باقی سب کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ٹاسک دیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کو کرش کرنا ہے، اس جبر اور خوف کی فضا میں جو انتخابات ہوں گے وہ کون قبول کرے گا۔

شعیب شاہین نے کہا کہ الیکشن کو 90 دن میں کرانے کے لیے عدالت میں درخواست دیں گے، صاف اور شفاف انتخابات ملک کو مسائل سے نکالنے کا واحد حل ہے۔

پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ آئین کے مطابق 90 دن میں الیکشن ہر حال میں ہونے چاہئیں، الیکشن سے متعلق مشاورت کے لیے بلایا جائے گا تو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست ترقی اس وقت کرتی ہے جب قانون کی بالادستی ہوتی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ 90 روز میں الیکشن ہونے چاہئیں۔