کراچی، ڈیفنس میں ملازم کا اندراج نہ کروانا مالک کو مہنگا پڑ گیا

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ملازم کا اندراج نہ کروانا مالک کو مہنگا پڑ گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ڈرائیور مالک کا چیک کیش کرواکر تین سالہ بچے علی کو سپر اسٹور کے باہر چھوڑ کر رقم، گاڑی لے کر فرار ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شہری کو گاڑی کے لیے ڈرائیور کی ضرورت تھی، مالک نے ذبیح اللہ نامی شخص کو ڈرائیور رکھا اور اسے ڈیڑھ لاکھ روپے کا چیک کیش کروانے کے لیے بھیجا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ ملزم نے چیک بھی کیش کروالیا اور بچے کو اسکول سے لیا جب کئی گھنٹے تک بچہ اور کیش نہ پہنچا تو مالک نے تلاش شروع کی تو پتا چلا کہ ملزم مالک کی گاڑی اور کیش لے کر فرار ہوگیا۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم حال ہی میں وزیرستان سے کراچی آیا تھا، ملزم کو گاڑی کے مالک نے بغیر کسی پولیس تصدیق کے ڈرائیور رکھ لیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے پہلے اسکول سے بچے کو پک کیا پھر چیک کیش کروایا اور بچے کو قیوم آباد میں سپر اسٹور کے باہر اتارکر فرار ہوگیا۔

تفتیشی حکام کے مطابق اکیلے بچے کو دیکھ کر ٹریفک پولیس نے اپنے پاس بٹھالیا جب سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کی گئی تو بچے سے متعلق والدین کو علم ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کو والدین کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ ملزم سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔