اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے معاشی تباہی کے ذمے داروں اور رجیم چینج کے کرداروں کے محاسبے کا مطالبہ کر دیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ معیشت اور عوام پر قیامت کے ذمے دار حکومت کے خلاف سازش کرنے والے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے تمام مشکلات کے باوجود عوام کو مہنگائی سے محفوظ رکھا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ہماری پالیسیوں کے سبب معیشت 6 فیصد سالانہ شرح سے ترقی کر رہی تھی، برآمدات، زراعت، ترسیلات زر سمیت تمام شعبے بہتری کی جانب گامزن تھے۔
ترجمان نے کہا کہ رجیم چینج کے منصوبہ سازوں کو معیشت کی حساسیت سے بروقت آگاہ کیا تھا، متنبہ کیا تھا کہ معیشت کو غیر مستحکم کیا گیا تو صورتحال بے قابو ہو جائے گی، بدقسمتی سے سازشوں سے آئین، جمہوریت اور معیشت پر شب خون مارا گیا۔
پی ٹی آئی نے کہا کہ نالائقوں اور مجرموں کو عوام کے معاشی قتل عام کی آزادی دی گئی، 16 ماہ میں بے روزگاری 75 سال کی ریکارڈ سطح تک پہنچ چکی ہے، 2 کروڑ سے زائد لوگ خط غربت سے نیچے چلے گئے، مہنگائی کی شرح 12.2 فیصد سے بڑھ کر 38 فیصد کی سطح تک جا پہنچی جبکہ اشیائے خورد و نوش ناقابل تصور 50 فیصد تک مہنگی ہو گئیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ 16 ماہ میں 20 کھرب کے قرض کا اضافی بوجھ ڈال دیا گیا، برآمدات اور ترسیلات زر کی مد میں 8.3 ارب ڈالر تک کا نقصان کیا گیا، پی ٹی آئی دور میں 150 روپے فی لیٹر پیٹرول آج 291 روپے میں مل رہا ہے، پی ٹی آئی دور میں 16 روپے یونٹ بجلی کی قیمت آج 50 روپے سے زائد ہے۔
ترجمان نے کہا کہ میڈیا پر غیر آئینی سینسرشپ سے حقیقت کو جھٹلانے کی کوششیں جاری ہیں، غیر آئینی اور غیر جمہوری کوششوں سے معاملات کو گھمبیر کیا جا رہا ہے، کسی غیر آئینی و غیر جمہوری منصوبے کے بجائے الیکشن بروقت کروائے جائیں۔